اے پی سی کل، میثاق جمہوریت کی طرح کا نیا معاہدہ ہونے کا امکان
اسلام آباد: (سب رنگ نیوز) چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں اپوزیشن کی کثیر الجماعتی کانفرنس کے ایجنڈے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے۔ ڈیڑھ گھنٹے کی طویل ملاقات ہوئی۔ اپوزیشن کی کثیر الجماعتی کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے جبکہ مولانا فضل ا لرحمان کی جانب سے مولانا عطاالرحمان، اکرم خان درانی اور اویس نورانی شریک ہوئے ۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مولانا فضل الر حمان سے خو شگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ۔اے پی سی کے بعد اپوزیشن کا متفقہ لائحہ عمل سامنے آے گا۔۔
کیا وزیراعظم، اسپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن زیر غور ہے؟ صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو نے کہاکہ اس پر آپ کو کانفرنس کے بعد آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ٹیلیفون کیے اور اے پی سی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بلاول بھٹو نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاؤ، بی این پی عوامی کے سربراہ اسرار اللہ زہری، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبد المالک، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے رابطے کیے۔