بہاول پور( )اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں وزیراعظم پاکستان الیکٹرانک ویل چیئر سکیم کے دوسرے فیز میں سات سپیشل طلباء و طالبات میں الیکٹرانک ویل چیئر تقسیم کی گئیں۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورگھوٹوی ہال میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے دو سو سے زائد سپیشل طلباء و طالبات کو الیکٹرانک ویل چیئر سکیم کے تحت تقسیم کی جانے ویل چیئرز میں سے سات ویل چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سپیشل طلباء و طالبات میں تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی اور وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے ویل چیئر وصول کرنے والے سپیشل طلباء و طالبات کو مبارک باد پیش کی اور حصول تعلیم کے لیے انکی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کو دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ ہمارا ملک مضبوط ہاتھوں میں ہے، کیوں کہ اگر ہمارے ملک کے سپیشل بچوں میں آگے بڑھنے کا یہ جذبہ ہے تو ملک کی باقی یوتھ بھی یقینا اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ویل چیئر حاصل کرنے والے سپیشل طالب علم نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ اگر اس سکیم کو سکول لیول کے بچوں کے لیے بھی متعارف کرایا جائے تو یونیورسٹی لیول تک پہنچنے کے لیے جن تکالیف سے انہیں گزرنا پڑا ہے ان تکالیف سے دیگر سپیشل نوجوانوں کو بچایا جاسکتا ہے جو اس طرح کی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دیتے ہیں۔سپیشل طلباء کو خصوصی توجہ دینے والے ڈرائیور کو یونیورسٹی کی جانب سے نقد انعام اور اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سپیشل طلباء و طالبات نے تعلیمی میدان میں اپنی ہمت سے یونیورسٹی لیول تک پہنچ کر ہمت مرداں، مدد خدا جیسے مقولے کو سچ کردکھانے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کی جانب سے کی جانے والی بہترین کاوش کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمان، ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ، ڈین فیکلٹی آف سائنس، پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی، ڈین فیکلٹی آف لائ، پروفیسر ڈاکٹر حسین طاہر، ڈین فیکلٹی آف کمپوٹنگ، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، چیئرمین شعبہ سوشل ورک، پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل ، رجسٹرار ، پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ، کنٹرولر امتحانات ،پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر ، خزانہ داراور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔