مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا حق تلفی ہے۔اور اپنے حقوق کی جدوجہد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے گا۔ ڈویژنل صدر اپیکا ملک ریاض احمد
بہاو ل پور(ستلج نیوز ) مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا حق تلفی ہے۔اور اپنے حقوق کی جدوجہد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈویژنل صدر اپیکا ملک ریاض احمد نے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ملازمین کے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرین کے تمام شرکاء نے اپنے بازوئوں پر کالی پٹی باندھی ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن ملازمین سے سوتیلی ماں کا سا سلوک ناقابل برداشت ہے۔جس حکومت نے تین سوفیصد تک مہنگائی میں اضافہ کردیاہے وہ ملازمین کو 25 فیصد سپیشل الائونس دینے سے گریزاں ہے۔سید سلمان حیدر شاہ نے کہا کہ ملازمین کو حقوق کے حصول کے لئے احتجاجی مظاہروں پر مجبورنہ کیاجائے۔حکمران آگاہ ہوں کہ حقوق کے حصول کی جدوجہد میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔مجید عباسی نے اس موقع پر کہا کہ عجب مذاق ہے کہ تمام اداروں کے ملازمین کوتو 25 فیصد سپیشل الائونس دیاجائے لیکن کارپوریشن ملازمین کو دینے سے انکاری ہیں۔علی اکبر کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوکل گورنمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے افسران ملازم دشمنی کا تاثر دے رہے ہیں۔اس موقع پر ایک قرارداد منظور کی گئی کہ اپیکا مرکزی قائدین جو لائحہ عمل ترتیب دیںگے،ان کی آوازپرلبیک کہاجائے گا اورضرورت پڑنے پر اسمبلی کا گھیرائو کیا جائے گا۔