بہاول پور( )انٹر ورسٹی زونل فٹبال چیمپئن شپ کا تین روزہ میگا ایونٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپو رمیں شروع ہو گیا ہے۔ ایونٹ میں ملک بھر سے6 یونیورسٹیو ں کی ٹیمیں حصہ لیے رہی ہیں۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی تھے اور تمام ٹیموں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ اعزاز ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والے زونل فٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اکیڈمک اور تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور آنے والے وقت میں کھیلوں کومزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس امجد فاروق وڑائچ کا کہنا تھا کہ حالیہ سپورٹس رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ملک بھر کی تمام پبلک یونیورسٹیز میں دوسری پوزیشن حاصل کر نے میں کامیاب رہی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی قیادت اور ان کے وژن کے مطابق آئندہ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ چیئرمین سپورٹس کمیٹی و ڈین فیکلٹی آف لا پروفیسر ڈاکٹر آفتاب گیلانی کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کھیلوں کے فروغ کے لیے متحرک ہیں اور یونیورسٹی میں مختلف کھیلوں کی تمام ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا جا تا ہے۔ تین روزہ زونل فٹبال چیمپئن شپ میں میزبان اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ انفارمیشن ٹیکناولوجی رحیم یار خان، سپیریئریونیورسٹی لاہور، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، ایگریکلچر یونیورسٹی آف فیصل آباد اور میاں نوا زشریف ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ کے پہلے روز دو میچز منعقدہوئے۔پہلا میچ خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان نے سپیریئریونیورسٹی لاہور کو 2-0سے ہرایااور دوسرے میچ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے میاں نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان کو 8-0سے ہرا یاہے۔