پاکستان(سب رنگ نیوز): اداکارہ میرا کے اسٹیج ڈرامے کے دوران تھیٹر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو پولیس نے چار ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
فیصل آباد میں فیکٹری ایریا کے علاقے میں تقریباً ایک ہفتے قبل اداکارہ میرا کی اسٹیج پرفارمنس کے دوران فائرنگ کرکے فرار ہونے والے نامعلوم موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کو تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے چار ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار ہونے والے ملزمان میں عادل اعوان، شعیب، اسد اور سمیع اللہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتیوں اور بھتہ خوری کے متعدد مقدمات میں ملوث رہ چکے ہیں اور انہوں نے سنیما کی ساکھ کو نقصان پہچانے کے لیے فائرنگ کی۔ گرفتار ہونے والے چاروں افراد کو حوالات منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملزمان نے 12 ستمبر کو سبینہ تھیٹر کے باہر اداکارہ میرا کی پرفارمنس کے دوران فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار فائرنگ کر کے جاتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کی بندوق بھی چھین کر لے گئے تھے۔