برطانیہ: (ویب نیوز) برطانیہ میں کورونا سے متعلق نئے قوانین متعارف کرا دیئے گئے، گھر میں قرنطینہ نہ کرنے والے متاثرین کو 10ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ ہوگا۔ لندن میں سیکڑوں افراد نے کورونا کے دوسرے متوقع لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیا۔
برطانیہ میں کورونا کی دوسری لہر کاخدشہ ،حکومت پھر الرٹ ہو گئی۔ وبا کو روکنے لیے اٹھائیس ستمبر سے نئے قوانین لاگو کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ حکومت مثبت ٹیسٹ آنے والوں کو ٹریک اینڈ ٹریس کرے گی۔
قرنطینہ کے دوران گھر سے باہر ملاقاتیں کرنے والے کو ایک ہزار سے 10 ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ ہوگا، ان مالکان پر بھی جرمانہ ہوگا جو مثبت ٹیسٹ آنے والے ملازمین کو دفتر آنے پر مجبور کریں گے۔
دوسری طرف لندن میں سیکڑوں افراد کورونا کے دوسرے متوقع لاک ڈاؤن کے خلاف سڑکوں پر آگئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ دوسرا لاک ڈاؤن نہ لگایا جائے، احتجاج کے دروان مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں کورونا کو "ڈیجیٹل جیل” کورونا ایک دھوکا اور "خوف نہیں آزادی” کےنعرے درج تھے۔ ٹریفلگر اسکوائر پر مظاہرین نے پولیس سے الجھنےکی بھی کوشش کی۔