بہاول پور( )وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ایک وفد نے یوم دفاع کے موقع پر ونگ کمانڈرخرم صمد شہید ، کیپٹن حسان عابد شہید اور کیپٹن سہیل اکبر شہید کے گھروں کا دورہ کیا اور وائس چانسلر کی طرف سے ان کے وارثان کو پھولوں کے گلدستے اور تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عبدالواجد خان نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم پر قرض ہیں اور ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی۔ خد ا نے شہداء کو اعلیٰ درجات اور ان کے وارثان کو بلند رتبہ عطاء کیا ہے۔ قوم کو ان قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے ہر قربانی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس موقع پر شہداء کے وارثان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور یونیورسٹی کی طرف سے خیرسگالی کے جذبات کا شکریہ ادا کیا۔