بہاول پور( ) انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے اساتذہ اور طلباء وطالبات نے تحقیقی مقاصد کے لیے صحرا ئے چولستان کا دورہ کیا۔ وفد کی سربراہی سربراہ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس پروفیسر ڈاکٹر سعید بزدار نے کی۔ وفد کے ارکان نے قلعہ ڈیراور کے قریب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بائیو ڈائیورسٹی پارک کابھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر قابل تجدید توانائی اور آبی وسائل کی فراہمی کے لیے دو تجربات کیے گئے۔ ایک تجربہ شمسی توانائی کا استعمال کرتے ہوئےwater splittingکی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کو آکسیجن اور ہائیڈورجن میں توڑا جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے ہائیڈروجن اکنامی وجود میں آئے گی جو گرین ہائیڈروجن انقلاب کا باعث بننے گی۔ دوسرا تجربہ فضا میں موجود بخارات کی شکل میں موجود 30فیصد پانی کو خصوصی آلات کے ذریعے قابل استعمال بنانا ہے ۔ یہ قدتی طریقہ ہے جس سے پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ دیگر ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر خصوصی لیکچر دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سعید بزدار نے کہا کہ فزکس کے جدید اصولوں کو استعمال کرتے ہوئے قدرتی وسائل کا استعمال اور انہیں محفوظ بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے طلباء نے قدرتی ماحول میں مختلف تجربات کے ذریعے قدرتی وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے تجربات کیے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ویژن کے مطابق تحقیقی سرگرمیوں کو قومی ترجیحات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف فزکس ان منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات نے تجرباتی مقاصد کے لیے صحرائی پودے بھی اکٹھے کیے۔ انہوں نے خصوصی تعاون پر ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی پارک ڈاکٹرمحمد عبداللہ کا شکریہ ادا کیا۔