بہاول پور( )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر فاروق قمر نے کہا ہے کہ بچوں میں غذائی قلت دور کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ مالنیوٹریشن ایڈریسنگ کمیٹی کے ممبران اپنا فعال کردار ادا کریں۔ وہ ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ملٹی سیکٹوریل نیوٹریشن سنٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے ڈسٹرکٹ مالنیوٹریشن ایڈیسنگ کمیٹی کے ممبران کے لئے منعقدہ آگہی سیشن سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر نیوٹریشن سپیشلسٹ یونیسیف ڈاکٹر شفیق الرحمن، فوکل پرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ماجد ستار، افضال امین، سید عمر ایم اینڈ ای سپیشلسٹ، عتیق الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الٰہی کھر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود آرائیں، ایم ایس این سی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد ناصر، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سبطین بخاری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ غذائی قلت کا شکار بچوں میں اس کمی کو دور کرنے اور غذائی قلت سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے آگاہ کرنے کے بھرپور انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مالنیوٹریشن سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے اور ممبران کمیٹی متحرک انداز میں کام کریں۔ آگہی سیشن کے موقع پر بتایا گیا کہ ملٹی سیکٹوریل نیوٹریشن سنٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کے پھیلائو کے خلاف جاری کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ماں کا دودھ بچوں کی صحت کے لئے بہت مفید اور اہم ہے۔اسی طرح بچوں کو پروٹین غذا دی جائے اور اس سلسلہ میں والدین کا شعور بھی اجاگر کیا جائے۔ ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر خالد آرائیں نے بچوں کو صحت اور علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے بریف کیا۔ شرکائے تقریب اور ڈسٹرکٹ مالنیوٹریشن ایڈریسنگ کمیٹی کے ممبران کو ملٹی میڈیا کی مدد سے بچوں میں غذائی قلت کے خاتمہ کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔