بہاول پور(ستلج نیوز)اقوام متحدہ پاکستان ،انٹرنیشنل ترقیاتی اداروں اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے اشتراک سے ڈویلپمنٹ ڈائیلاگ کی تقریب بہاول جم خانہ بہاول پور میں منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ کے نمائندے، انٹرنیشنل ڈونرز، یورپی یونین، ورلڈ بینک اور ڈویلپمنٹ پارٹی کے نمائندوں سمیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب شعیب اقبال سید اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں قائم مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز موجود تھے۔ تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعہ وفاقی وزیر خارجہ امور مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے شرکت کی اور جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی اور خطہ کے عوام کی خوشحالی کے عزم کا اظہارکیا۔اس موقع پر ویڈیو لنک گفتگو میں وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یواین کے لیونگ ریور انیشی ایٹیو(Living River Initiative) کا ذکر کیا جو کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجز بھی زیر غور ہیں اور اس بات کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ مل کر مشاورتی عمل سے ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔ اپنے ویڈیو لنک پیغام میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان میں حکومت کے ساتھ مل کر جنوبی پنجاب ڈیپ ڈائیو(Deep Dive)کا انعقاد کیا جس سے نہ صرف اس خطہ میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی بلکہ مختلف محکموں کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقیاتی ترجیحات کو درست سمت دینے اور ترقیاتی منصوبہ بندی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آج کی سفارشات معاون ثابت ہوں گی۔ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں سے 35فیصد حصہ جنوبی پنجاب کے لئے مختص کر دیا گیا ہے تاکہ اس خطہ کے فنڈز دوسرے علاقوں کی سکیموں پر منتقل نہ کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال حکومتی اخراجات کا سب سے بڑا فوکس انسانی ترقی کے ساتھ ساتھ وسائل کی منصفانہ اور متوازن تقسیم پر ہے جس سے معاشی خوشحالی، غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار نے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقے کی دیہی خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے اور ان کو ترقی قومی دھارے میں شامل کرنے بارے سفارشات سے آگاہ کیا۔جنوبی پنجاب پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام برائے پاکستان کے شرکاء اور انٹرنیشنل ڈونرز نے جنوبی پنجاب میں ترجیحات، درپیش چیلنجز اور مواقع کی فراہمی کے حوالہ سے سفارشات کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی کے روڈ میپ کا جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب عبد اللہ سنبل نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-2025اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام (SAP) کے تحت جاری ترقیاتی سکیمیں اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے قومی دھارے میں شمولیت اور انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کے بارے بریفنگ دی۔جنوبی پنجاب پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے موقع پر سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن میاں اسد حیاالدین نے جنوبی پنجاب ڈائیلاگ کے موقع پر علاقہ کی ترقی و خوشحالی کے حوالہ سے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی کے لئے منعقدہ ڈائیلاگ میں اقوام متحدہ کے نمائندے ، انٹرنیشنل ڈونرز، یورپی یونین اور ورلڈ بینک کے نمائندگان سمیت ڈویلپمنٹ پارٹی کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیا اور جنوبی پنجاب میں تعمیر و ترقی کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔اس موقع پر سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز نے پینل ڈسکشن میں جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے امور کے حوالہ سے اپنی سفارشات پیش کیںاور اپنے محکموں کی کارکردگی بارے آگاہ کیا۔